پنجاب میں 700 لیٹر جعلی اور مضرِ صحت دودھ تلف، سپلائر کے خلاف مقدمہ درج
لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی اور مضرِ صحت دودھ کی سپلائی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 700 لیٹر ناقص دودھ تلف کر دیا، جبکہ دودھ سپلائی کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ویجیلنس ٹیم کو جعلی دودھ کی ترسیل سے متعلق خفیہ اطلاع موصول ہوئی، جس پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ایک پک اپ گاڑی کو روک کر چیک کیا۔ گاڑی میں مبینہ طور پر جعلی دودھ لاہور اور مضافاتی علاقوں میں سپلائی کیا جا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران 700 لیٹر جعلی اور مضرِ صحت دودھ قبضے میں لیا گیا جسے تلف کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق دودھ کے نمونے لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوائے گئے تھے، جہاں ٹیسٹ ناقص قرار دیے گئے۔
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کارروائی کے دوران دودھ سپلائر کی پک اپ گاڑی، 13 پلاسٹک ڈرم، 4 اسٹیل ڈرم اور پلنجر بھی ضبط کر لیے۔ حکام کے مطابق سپلائر کے پاس دودھ کی ترسیل سے متعلق ضروری ریکارڈ اور مطلوبہ دستاویزات بھی موجود نہیں تھیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق بروقت کارروائی کے باعث ناقص دودھ لاہور اور گردونواح کے شہریوں تک پہنچنے سے روک دیا گیا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ملاوٹ اور جعلی خوراک تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کو گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کی مفت جانچ کی سہولت بھی فراہم کرتی ہے، جبکہ شکایت کی صورت میں شہری اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
💬 تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔ پہلے تبصرہ کرنے والے بنیں!