راولپنڈی اسلام آباد میں شدید بارش سے نظام زندگی درہم برہم، عام تعطیل کا اعلان، فوج اسٹینڈ بائی
راولپنڈی/اسلام آباد: جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش نے نظام زندگی متاثر کردیا، کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ اہم شاہراہوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔ صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی میں تعلیمی اداروں کے لیے مقامی تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 29 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 23.5 فٹ تک ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
محکمہ موسمیات کے اعدادوشمار کے مطابق راولپنڈی کے شمس آباد میں تقریباً 201 ملی میٹر، نیو کٹاریاں میں 186 ملی میٹر جبکہ اسلام آباد کے گولڑہ میں 157 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ مسلسل بارش کے باعث شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے سے معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔
صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ راولپنڈی نے شہر کے تمام تعلیمی اداروں میں یکم ستمبر کے لیے مقامی تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور خاص طور پر نالہ لئی اور دیگر نشیبی علاقوں کے قریب نہ جانے کی اپیل کی ہے۔ ہنگامی نوعیت کے محکمے اور امدادی ادارے معمول کے مطابق فعال رہیں گے۔
دوسری جانب راولپنڈی میں بارش کے باعث ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج بھی سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے اسٹینڈ بائی ہے۔ فوجی دستے امدادی اور ریسکیو سرگرمیوں میں تعاون کے لیے مختلف مقامات پر موجود ہیں، جبکہ واسا سمیت متعلقہ اداروں نے بھی اپنے عملے کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔
اسلام آباد میں بھی متعدد علاقوں اور شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ ای الیون سمیت بعض علاقوں میں شدید بارش کے بعد پانی سڑکوں پر آگیا، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے لیے ڈی واٹرنگ آپریشن جاری رکھا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی کے اطراف میں صورتحال مسلسل مانیٹر کی جارہی ہے اور خطرے کے پیش نظر نشیبی آبادیوں کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
حکام نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، سیلابی پانی میں داخل ہونے سے گریز کریں اور انتظامیہ و ریسکیو اداروں کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کریں۔
💬 تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔ پہلے تبصرہ کرنے والے بنیں!