الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے دفتری نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے رواں سال کے اختتام تک مکمل ڈیجیٹل ای-آفس نظام نافذ کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ الیکشن کمیشن میں مصنوعی ذہانت (AI) کا خصوصی ونگ بھی قائم کیا جائے گا۔
یہ فیصلے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرِ صدارت الیکشن کمیشن کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے سیکریٹری اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی، جبکہ حکام کی جانب سے ڈیجیٹل آفس، مصنوعی ذہانت اور کمیشن کی نئی ویب سائٹ سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ الیکشن کمیشن کے مختلف شعبوں کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لیے باقاعدہ مصنوعی ذہانت (AI) ونگ قائم کیا جائے۔ اس ونگ کا مقصد ادارے کی کارکردگی میں جدت لانا، روزمرہ دفتری امور کو بہتر بنانا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینا ہوگا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیجیٹل آفس یا ای-آفس سے متعلق تمام متعلقہ شعبوں کے ملازمین کی تربیت 15 اکتوبر 2026 تک مکمل کی جائے گی، جبکہ الیکشن کمیشن کے تمام دفتری امور کو مکمل ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کا ہدف دسمبر 2026 کے آخری ہفتے تک مقرر کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اپنی نئی ویب سائٹ کے اجرا کی بھی منظوری دی ہے، جسے جدید، متحرک، انٹرایکٹو اور عوام دوست بنانے کا منصوبہ ہے۔ نئی ویب سائٹ کے ذریعے شہریوں اور دیگر متعلقہ فریقین کے لیے انتخابی معلومات اور ڈیجیٹل خدمات تک رسائی کو مزید آسان بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ادارے کے انتظامی اور تکنیکی ڈھانچے کو جدید بنانے اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے دفتری کارکردگی بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ ای-آفس کے نفاذ اور AI ونگ کے قیام سے کاغذی کارروائی میں کمی، دفتری امور کی رفتار میں بہتری اور مختلف شعبوں کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے کی توقع ہے۔
💬 تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں
ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں۔ پہلے تبصرہ کرنے والے بنیں!